پونچھ//دریائے پونچھ سے غیر قانونی طور سے ریت و بجری نکالنے کا کام جاری جس کو لیکر مختلف سماجی و سیاسی کارکنان نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ پونچھ کے بتیاڑ نالہ، دریائے پونچھ اور دریائے سرنکوٹ کے مختلف علاقوں میں ریت مافیا دن دھاڑے جے سی بی کا استعمال کر کے بجری اور ریت نکالتے ہیں جس کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔اس ضمن میں سیاسی و سماجی کارکن ایڈوکیٹ اجیت ورما نے کہا کہ غیر قانونی طور پر کچھ لوگ پونچھ کے دریائوں اور نالوں کا وجود ختم کرنے پر تلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے ضلع کے ندی نالوں سے جس طرح ریت او بجری نکالی جا رہی ہے اس سے نہ صرف ان دریائوں کا وجود بلکہ پورے علاقے کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہا کہ چند خود غرض لوگ متعلقہ محکمہ کے ساتھ ساز و باز کر کے غیر قانونی اور ناجائز طریقے سے ریت اور بجری نکالتے ہیں۔ اس کی وجہ سے مچھلیوں کا وجود بھی ختم ہو رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان ندی نالوں کی خوبصورتی پر بھی بہت برا اثر پڑ رہا ہے۔سید وسیم الحسن نامی سماجی کارکن نے کہا کہ ریت و بجری مافیہ کو کھلے عام نالوں سے ریت بجری نکالنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں ،کشمیر اور دیگر اضلاع میں ریت بجری مافیہ کے خلاف بڑی سطح پر کاروائی کی جا رہی ہے لیکن پونچھ ضلع میں ایسے افراد کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ اس سلسلہ میں بار ہا متعلقہ افسروں سے رابطہ کر کے ان کو متوجہ کر چکے ہیںلیکن کوئی توجہ نہیں دی جاتی ۔انہوں نے کہا کہ اب جب پونچھ میں نئے ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت تعینات ہوئے ہیں تو وہ امید کرتے ہیں کہ وہ ریت بجری مافیاکے خلاف کاروائی کریں گے ۔