عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// درہال سب ڈویژن میں نامعلوم چوروں کی جانب سے سرکاری اسکیموں کے آلات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تازہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا جب ریکی باں چواڑیاں کے مقام پر قائم کوٹھڑا نڈیاں جل جیون مشن اسکیم کا تقریباً 2.5 کے وی کا ٹرانسفارمر نامعلوم چوروں نے چرا لیا۔ اس واقعہ سے نہ صرف علاقے کے عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے بلکہ سرکاری منصوبوں کی سلامتی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں نے جل جیون مشن کے تحت نصب ٹرانسفارمر کو نشانہ بنایا اور اسے موقع سے اڑا لے گئے۔
صبح جب مقامی لوگوں کو اس واقعہ کا علم ہوا تو علاقے میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی، کیونکہ اس ٹرانسفارمر کے ذریعے علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو فعال رکھا جاتا تھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ درہال میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی ملہت پنچایت کے لیراں جل جیون مشن اسکیم کا تقریباً 2.5 کے وی کا ٹرانسفارمر نامعلوم چوروں نے چرا لیا تھا، جبکہ اسی پنچایت میں جل جیون مشن اسکیم کا اسٹیبلائزر بھی چوری ہونے کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ اس طرح سرکاری منصوبوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے باعث عوامی حلقوں میں شدید تشویش اور ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سماجی کارکن مرتضیٰ مرزا نے اس سلسلے میں سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن جیسی عوامی فلاحی اسکیمیں دیہی علاقوں کے لوگوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اور ان کے آلات کی چوری نہ صرف عوامی مفادات کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ حکومت کے قیمتی وسائل کا ضیاع بھی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، چوری میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مناسب حفاظتی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں، ساتھ ہی انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک حرکت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔مقامی لوگوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جل جیون مشن اور دیگر سرکاری اسکیموں کے آلات کی حفاظت کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور ایسے افسوسناک واقعات کا سلسلہ رک سکے۔