نئی دہلی //افغانستان میں مارے گئے پلٹزر ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ کابل واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے اتوار کو دانش صدیقی کی ہلاکت کا سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد اس بات کی تصدیق کی۔ ہندوستانی صحافی دانش صدیقی کے جسد خاکی کو جامعہ نگر کے غفار منزل واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے آخری دیدار کیا۔ دانش صدیقی کا جسد خاکی کابل سے ایئر انڈیا کے طیارے کے ذریعہ اتوار کی شام تقریباً 6 بجے پہنچ گیا۔دانش صدیقی نے دارالحکومت دہلی واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی تھی اور ان کے والد اختر صدیقی یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ایجوکیشن کے ڈین تھے۔ دانش صدیقی نے سال 2007-2005 میں ماس کمیونیکیشن سینٹر (ایم سی آر سی) سے پڑھائی کی تھی۔وہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ ٹیچرس ایسوسی ایشن نے دانش صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔