پونچھ+راجوری //ملک او ر یوٹی جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی عیدالاضحی عقیدت ،احترام اور سادگی کیساتھ منائی گئی ۔اس دوران عید نماز ادا کرنے کے دوران احتیاطی تدابیر بھی کا بھی خاص خیال رکھا گیا ۔اگر چہ اس بار انتظامیہ کی جانب سے نمازِ عید کے دوران کہیں بھی کئی خاص پابندی عائد نہ تھی،اس کے باوجود سرحدی ضلع پونچھ میں مسجد وں اور عید گاہوں میں لوگوں کی بہت کم تعداد دیکھی گئی۔پورے ضلع میں سرکاری گائڈ لائن کی پابندی کر تے ہوئے لوگوں نے اپنے گھروں کے قریب کی مساجد میں ہی نماز عید ادا کی۔مرکزی عید گاہ پونچھ جہاں پونچھ کا سب سے بڑا اجتماع نماز ادا کرتا ہے اس بار بارش کی وجہ سے وہا نماز ادا نہ ہو سکی ۔مرکزی عید گاہ میں بہت کم تعداد میں نماز پڑھی گئی۔اس دوران کئی جماعتوں کا اہتمام کیا جہاںگروپ میں باری باری نماز ادا کی گئی۔اس کے علاوہ قصبہ پونچھ کی مرکزی جامع مسجد پونچھ،جامع انوار العلوم وزیرنی جامع مسجد پونچھ، مرکزی علی جامع مسجد محلہ شعیاں پونچھ،مرکزی جامع مسجد اہل حدیث پونچھ،مرکزی جامع مسجد بگیالاں پونچھ،جامع مسجد سٹار ہوٹل پونچھ،غوثیہ جامع مسجد شنکر نگر،مدینہ مسجد محلہ جرنیلی پونچھ،قادریہ مسجد محلہ کامسر پونچھ،جیلانیہ جامع مسجد پرانی پونچھ،مسجد اویس قرنی ڈونگس پونچھ،مسجد پولیس لائین پونچھ ،جامع مسجد نظام الدین پونچھ سٹی،جامع مسجد اعلیٰ پیر پونچھ،جامع مسجد عثمان غنی رضانگر پونچھ،جامع مسجد نزدیک شیر کشمیر پل،جامع مسجد رضوان نگر پونچھ میں نماز عید ادا کی گئی اس دوران عمائے کرام، ملی تنظیموں اور اداروں کے ساتھ اہم شخصیات نے مسلمانوں سے پہلے ہی درخواست کی تھی کہ گائڈ لائن کی پابندی کریں۔تحصیل منڈی، تحصیل سرنکوٹ، تحصیل مینڈھر میں بھی نماز عید احتیاط پر عمل کرتے ہوئے ادا کی گئی ۔اسی طرح راجوری ضلع کی تحصیل منجا کوٹ ،کوٹرنکہ سب ڈویژن ،نوشہرہ اور تھنہ منڈی میں بھی عید نمازیں عقیدت و احترام کیساتھ ادا کی گئیں۔غور طلب ہے کہ خطہ پیر پنچال میں گزشتہ دو دن سے مسلسل بارشیں جاری ہیں جس کی وجہ سے دریائوں و ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔اسی بیچ ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران فرزندان توحید نے عید نماز ادا کی اور ملک اور جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی ۔