جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی کی مبینہ عوام دشمن پالیسیوں کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کی عوام سے کیے گئے مبینہ جھوٹے وعدوں کو بے نقاب کرنے کیلئے عام آدمی پارٹی نے منگل کو جموں شہر میں ریلی نکالی جو مختلف حصوں سے گزری اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ، پارٹی کے رضاکار اور رہنما اس کا حصہ تھے۔اس ریلی کی قیادت ریاستی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ کی۔شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں سے یہ ریلی گزری ان میں کچی چھاؤنی، پریڈ، پنجتیرتھی شامل تھے۔پارٹی کیڈر نے بی جے پی کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر ایل جی انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف نعرے لگائے اور لوگوں کو حکومت کی غلط پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا جن پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر کے ہر شہری کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ناکامی کو بے نقاب کرنے کے لیے سڑکوں پر ہے کیونکہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو تمام پہلوؤں سے مشکل حالات میں ڈال دیا ہے۔انکاکہناتھاکہ جموں و کشمیر کی افسوسناک حالت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں ملازمین، عام شہری سڑکوں پر ہیں اور موجودہ حکمرانی میں ہر کوئی اپنے آپ کو دباو میں محسوس کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مظاہرین کی حالت زار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت ان کی شکایات سننے کو بھی تیار نہیں اور انہیں بے بسی کی حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہرش دیو سنگھ نے عام لوگوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام حصوں میں لوگ بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے سڑکوں پر ہیں جب کہ حکومتی نظام پوری طرح ناکام ہو چکا ہے۔سنگھ نے مزید کہا کہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی صلاحیت صرف عام آدمی پارٹی میں ہے اور یہ پنجاب اور دہلی میں ثابت ہو چکا ہے جہاں بی جے پی کی کاغذی ترقی کے بجائے زمینی اور حقیقی معنوں میں ترقی ہو رہی ہے۔