جموں // جموں وکشمیر پردیش کانگرس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے پردیش یوتھ کانگریس کے کارکنوں سے کہا ہے کہ و ہ ریاست میں آئندہ منعقد ہونے جارہے پنچایتی انتخابات کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں اور پی ڈی پی۔ بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے بارے میں لوگوں کو روشناس کرائیں۔جی اے میر یہاں پارٹی کے صدر مقام پر پردیش یوتھ کانگرس صدرپرانو شگوترہ کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں پارٹی کے کافی تعداد میں لیڈروں اور ورکروں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کی ناکامی اور عوام دشمن پالیسیوں کا پردہ فاش کرنے کے لئے ریاست کے ہر علاقے میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ریاست کا ہر شخص اس سرکار کی ناکامیوں سے آگاہ ہو سکے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے زور دار کوشیش کریںانہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہم سب کا مقصد ہونا چائیے انہوں نے کہا کہ پنچایتی اداروں کے وقت پر انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے بنیادی سطح پر جمہوریت کمزور ہو گئی ہے اور اب وقت آگیا ہے ان دونوں جماعتوں کو عوام شکست دے کر سبق سکھائیں۔ سینئر نائب صدر پی سی سی شام لال شرما نے اپنی تقریر میں کہا کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی نے ریاست میں سرپنچوں کے بلاواسطہ انتخابات کا قانون نافذ کرکے پنچایت راج نظام کو کمزور کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کو پارٹی میں اہم مقام حاصل ہے ۔ انہوں نے ورکروں کو پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط بنانے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی تلقین کی۔