جموں //لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جموں شہر میں قائم گُجر بکروال طلبا و طالبات کے ہوسٹلوں کا اچانک معائینہ کر کے وہاں قبائلی طبقے سے وابستہ طلاب کیلئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ مشیر نے گُجر بکروال ہوسٹل عید گاہ ریذڈنسی روڈ اور گرلز ہوسٹل شہیدی چوک کا معائینہ کیا ۔ معائینے کے دوران مشیر نے ان ہوسٹلوں میں طلاب کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائیزہ لیا اور طلاب و عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ ان ہوسٹلوں میں قیام پذیر طلاب کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے معقول اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ لڑکوں کے ہوسٹل عمارت میں 125 طلاب کے قیام کی سہولت موجود ہے جبکہ لڑکیوں کے ہوسٹل میں 150 طالبات کے قیام کی گنجائش ہے ۔ اس کے علاوہ لڑکوں کے ہوسٹل میں ایک جم بھی قائم کیا گیا ہے ۔ ان ہوسٹلوں کی انتظامیہ نے مشیر کو ہوسٹل عمارت کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے سے متعلق اپیل کی جس میں ڈائیننگ روم، کچن وغیرہ کی تعمیر و تجدید کے علاوہ غسل خانوں اور کمپیوٹر لیبارٹریوں کی توسیع بھی شامل ہے ۔