غزہ // (ڑنہوا) غزہ کی حکمراں اسلام پسند تنظیم حماس نے جمعرات کو ہونے والے یروشلم فلیگ مارچ کے تعلق سے اسرائیل کو فلسطینی علاقوں میں کشیدگی کو پھر سے نہ بڑھا نے کے لئے متنبہ کیا ہے حالانکہ اس مارچ کو حفاظتی وجوہات کی بناء پر منسوخ کیا جاچکا ہے۔غزہ میں حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیانے پیر کو صحافیوں کو بتایا ’’حماس ،یروشلم میں پرانے شہر اور مسجد اقصیٰ کے راستے فلیگ مارچ نکالے جانے کے خلاف قابضین (اسرائیل) ، ثالث اور پوری دنیا کو متنبہ کرتاہے۔ حماس کا پیغام واضح ہے ، ہم نہیں چاہتے کہ جمعرات کا واقعہ 10 مئی کے بعد کی طرح ہو ، جب اسرائیل اور حماس نے 11 دن تک زبردست لڑائی لڑی تھی۔رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مشرقی یروشلم میں 10 مئی کو اسرائیلی پولیس اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد اسرائیلی اور حماس کے زیرقیادت گروہوں کے درمیان لڑائی چھڑ گئی تھی۔یروشلم کے قریب واقع شیخ جرح میں فلسطینی خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے کا ایک اسرائیلی عدالت کا فیصلہ بھی ان جھڑپوں کے پیچھے تھا۔الحیاہ نے کہا ’’یروشلم ہمارے لئے سرخ لکیر ہے۔ ہمیں جنگوں کا شوق نہیں ہے ، لیکن ہماری مزاحمت مقدس شہر کا دفاع کرنا ہے۔