عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے نئے تیار کردہ جی ایس ٹی اینالٹکس اور فراڈ ڈیٹیکشن پورٹل پر ایک روزہ صلاحیت سازی ورکشاپ کا اِنعقاد کیاجو بھاسکرآچاریہ نیشنل اِنسٹی چیوٹ فار سپیس ایپلی کیشنز اینڈ جیو اِنفارمیٹکس( بی آئی ایس اے جی۔این) کے اِشتراک سے تیار کردہ جدید ترین ٹیکنالوجی پلیٹ فارم ہے۔ورکشاپ کی صدارت کمشنر ایس ٹی ڈِی پی کے بھٹ نے کی ۔ورکشاپ میںایڈیشنل کمشنر ایڈمنسٹریشن اینڈ اَنفورسمنٹ جموں نمریتا ڈوگرہ، ایڈیشنل کمشنر ایڈمنسٹریشن اینڈ انفورسمنٹ کشمیر پرویز احمد رینہ، دونوں ڈویژنوں کے سٹیٹ ٹیکس اَفسران(ایس ٹی اوز) موجود تھے اور محکمہ کے دیگر اَفسران نے ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ ورکشاپ میں حصہ لیا۔کمشنر موصوف نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی تجزیاتی نظام کے کردار پر زور دیاجو ٹیکس انتظامیہ کو تبدیل کرنے، فراڈ کا پیشگی اندازہ لگانے اور شفاف و مؤثر طریقے سے محصولات جمع کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اُنہوں نے تمام اَفسران پر زور دیاکہ وہ پورٹل سے بھرپور اِستفادہ کریں اور اسے اَپنے روزمرہ نفاذ اور جائزہ کاری کے کاموں میں ایک لازمی حصہ سمجھیں۔کمشنر نے تمام ڈویژن اور سرکل سطح کے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ پورٹل کا باقاعدہ اِستعمال کریں تاکہ اس کی خصوصیات سے واقف ہوں اور نفاذ اور کمپلائنس مینجمنٹ کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ورکشاپ کے دوران ایڈیشنل کمشنر (ایڈمنسٹریشن اینڈ اَنفورسمنٹ) جموں نمرتا ڈوگرہ نے پورٹل کا تفصیلی تکنیکی جائزہ اور لائیو ڈیمونسٹریشن پیش کیا۔ اُنہوں نے پورٹل کی جدید خصوصیات پر روشنی ڈالی جن میں ریئل ٹائم ڈیٹا اینالٹکس، ٹیکس دہندگان کی رسک پروفائلنگ، خودکار فراڈ الرٹس، کاروباری سرگرمیوں کا جیو سپیشل میپنگ، مماثلت کا پتہ لگانا اور ممکنہ ریونیو نقصان کے لئے پیش گوئی پر مبنی ماڈلنگ شامل ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ ڈیٹا سائنس اور مشین لرننگ الگورتھم سے چلنے والا یہ پورٹل افسران کو مشکوک پیٹرنز کی نشاندہی، ان پٹ ٹیکس کریڈٹ چینز کا پتا لگانے، کیروسل فراڈ کا پتہ لگانے اور ہائی رسک ٹیکس دہندگان کی درست اور تیز شناخت میں مدد دیتا ہے جو روایتی طریقوں کی نسبت کہیں زیادہ مؤثر ہے۔ورکشاپ میں اَفسران کو ترغیب دی گئی کہ وہ موجودہ کالموں، ڈیش بورڈز اور رپورٹس پر کے بارے میں فعال طور پر فیڈ بیک فراہم کریں جہاں ضرورت ہو وہاں اضافہ یا حذف کرنے کا مشورہ دیں تاکہ پورٹل کو مزید بہتر، مؤثر اور محکمے کی عملی ضرورتوں کے مطابق بنایا جا سکے۔ ورکشاپ میں جموں اور کشمیر دونوں صوبوںکے سٹیٹ ٹیکس افسران اور انفورسمنٹ عملے نے شرکت کی۔ اِستفساری سیشن جی ایس ٹی کی تعمیل کو مضبوط بنانے ، ٹیکس چوری کو روکنے اور یونین ٹیریٹری کے لئے زیادہ ریونیو کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی اِس پہل کا فائدہ اُٹھانے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔