سمت بھارگو
پونچھ //جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے پونچھ ضلع کے پسماندہ اور حساس علاقوں کا دورہ کر کے سیکورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ ملی ٹینسی آپریشنز کا جائزہ لیا۔ ان کا یہ دورہ علاقے میں آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کرنے اور زمینی سطح پر سیکورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے سب ڈویژن سرنکوٹ کے جنرل ایریا دوگریاں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں علاقے میں جاری انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیوں اورسیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس بریفنگ میں انسداد ملی ٹینسی گرڈ، انٹیلی جنس فریم ورک اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل پر روشنی ڈالی گئی۔افسران نے جی او سی کو بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز ہمہ وقت چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطہ انسدادِملی ٹینسی آپریشنز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے موقع پر موجود فوجی جوانوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض کے تئیں غیر متزلزل عزم کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اور حساس علاقوں میں تعینات جوان ملک کی سلامتی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی اور بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنا بھی سکیورٹی کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔جی او سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقے میں سیکورٹی گرڈ کو مزید فعال اور مؤثر بنائیں اور ہر سطح پر چوکس رہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ سکیورٹی فورسز پونچھ ضلع میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح مستعد ہیں اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔