عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے سرحدی و پہاڑی علاقہ سیڑی خواجہ میں شدید بارشوں کے باعث میدانہ پل کو پی ایم شری گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سیڑی خواجہ سے جوڑنے والی اہم سڑک بری طرح متاثر ہو گئی تھی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے فوری مرمت نہ ہونے پر اسکول کے اساتذہ نے خود میدان میں اتر کر سڑک کی مرمت کا کام انجام دیا اور عوامی آمد و رفت کو بحال کر دیا۔ اس غیر معمولی اقدام کو مقامی عوام نے بے حد سراہتے ہوئے اساتذہ کے جذبہ خدمت کو ایک مثالی قدم قرار دیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے دوران سڑک کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھی جبکہ بعض حصے مکمل طور پر بہہ گئے تھے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے تھے اور دونوں اطراف کی نالیاں بند ہونے کے باعث بارش کا پانی سڑک پر جمع ہو رہا تھا، جس سے طلباء ، اساتذہ، مقامی لوگوں اور گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق صورتحال اس قدر خراب ہو چکی تھی کہ سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اسکول آنے جانے والے طلباء کو بھی خطرات لاحق تھے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ کئی روز گزرنے کے باوجود متعلقہ محکمہ یا انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی مرمت کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ایسے میں پی ایم شری گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سیڑی خواجہ کے تدریسی عملے نے جذبہ خیر سگالی اور سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر سڑک کی مرمت کا بیڑا اٹھایا۔ اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک پر موجود بڑے بڑے گڑھوں کو بھرا، بند نالیوں کی صفائی کی، حال ہی میں تعمیر شدہ نالوں کی مرمت کی اور پانی کی نکاسی کو بہتر بنایا تاکہ سڑک دوبارہ عوامی استعمال کے قابل بن سکے۔اس رضاکارانہ مہم میں کچھ مقامی لوگوں اور موٹر وہیکل آپریٹروں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اساتذہ کے ساتھ مل کر سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو بحال کرنے میں تعاون کیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ اساتذہ نے صرف تعلیم تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ سماجی فلاح و بہبود کے لیے عملی کردار ادا کر کے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔عوام نے پی ایم شری ایچ ایس ایس سیڑی خواجہ کے اساتذہ کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں اساتذہ کا عوامی مسائل کے حل کے لیے آگے آنا قابل تعریف اور قابل تقلید عمل ہے۔ لوگوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ محکمہ بھی جلد مستقل بنیادوں پر سڑک کی مکمل مرمت کو یقینی بنائے گا تاکہ مستقبل میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔