موہالی//آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ (41 رن پر 5 اور 46 رن پر 4 وکٹ) کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن اتوار کو اننگز اور 222 رن سے شکست دے دی۔ دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹ پر 574 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں سری لنکا کو 174 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا اور دوسری اننگز میں اسے 178 رنز پر نمٹا کر میچ اننگز کے فرق سے جیت لیا تھا۔ تیسرے دن کے کھیل میں سری لنکا نے اپنی 16 وکٹیں گنوا دیں۔ جڈیجہ نے پہلی اننگز میں 41 رن پر پانچ اور دوسری اننگز میں 46 رن پر چار وکٹ لئے۔ جڈیجہ نے ہندوستان کی پہلی اننگز میں ناٹ ا?ؤٹ 175 رنز بنائے۔ جڈیجہ کو اس بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ اس طرح ہندوستان نے وراٹ کوہلی کے 100ویں ٹیسٹ میں جیت حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ جڈیجہ کے علاوہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے 47 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور کپل دیو (434) کو پیچھے چھوڑ کر ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔ فاسٹ بولر محمد شامی نے 48 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان نے اننگز کے لحاظ سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پانچویں سب سے بڑی جیت درج کی۔ سری لنکا کی دوسری اننگز میں ان کے ٹاپ آرڈر نے پھر مایوس کیا۔ صرف وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا نے کچھ دیر تک ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کیا اور 81 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ51 رنز بنائے۔ یہ ڈکویلا کی 19ویں نصف سنچری تھی۔ اینجلو میتھیوز نے 28 اور کپتان دیموتھ کرونارتنے 27 رنز بنائے۔ دھننجے ڈی سلوا نے 30 رنز بنائے۔ اس سے پہلے آل راؤنڈر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ (41 رن پر 5 وکٹ) کی گیند بازی کی مدد سے ہندوستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو پہلی اننگز میں 174 رن پر سمیٹ کر فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔ سری لنکا نے 108 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور باقی چھ وکٹ 66 رنز جوڑ کر گنوا دیں۔ جڈیجہ، جنہوں نے کل ایک وکٹ حاصل کی، آج چار وکٹوں کے ساتھ اپنی پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ 161 کیاسکور پر گری اور اس کے بعد اس کی باقی پانچ وکٹیں صرف 10 رنز کا اضافہ کر کے گر گئیں۔ جڈیجہ نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک ایک وکٹ جسپریت بمراہ اور محمد شامی کے حصے میں آئی۔ پتھم نسنکا نے 26 اور چریت اسلنکا نے اپنی اننگز کو ایک رن سے آگے بڑھایا۔ دونوں نے اسکور کو 161 تک لے جانے کے لیے محتاط انداز میں کھیلا لیکن جیسے ہی بمراہ نے اسلنکا کو لیگ بیفور کیا، سری لنکا کی اننگز کے سمٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ نسنکا 133 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسرے سرے پر ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی رہیں۔ جڈیجہ نے 13 اوورز میں 41 رن دے کر پانچ وکٹ لئے جبکہ بمراہ اور اشون کو دو دو اور شامی کو ایک وکٹ ملا۔