مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں کی عوام نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ جنگلات کو مشکوک طریقہ سے لگنے والی آگ سے بچایا جائے تاکہ قدرتی سونے کو مزید نقصان نہ ہو ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کے جنگلات آئے روز آگ کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے جہاں ہزاروں جانوروں اور پرندوں کی نسلیں تباہ ہورہی ہیں وہائیں عام لوگوں کےلئے بھی پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔بلنوئی علاقہ کے سرپنچ محمد شریف نے بتایا کہ جنگلات کو لگنے والی آگ کی وجہ سے سالانہ ہزاروں کی تعداد میں چھوٹے بڑے درخت مکمل طورپر تباہ ہو رہے ہیں لیکن محکمہ جنگلات کی جانب سے نہ تو اس سلسلہ میں کوئی عملی کارروائی کی جارہی ہے اور نہ ہی ملوث افراد کی شناخت کےلئے کوئی قدم اٹھایا جارہاہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جنگلات کو آگ سے بچایا جائے جبکہ آگ لگانے میں ملوث افراد کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔