عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس پر دفعہ 370 کی منسوخی کی مخالفت میں اپنا ذاتی مفاد پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سنیئر بی جے پی لیڈر اور قومی جنرل سیکرٹری ترون چگ نے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی کے بعد زبردست ترقی اور پیشرفت دیکھی گئی اور حالات میں بہتری آئی جو زمین سطح پر عیاں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے دفعہ 370کی منسوخی کی جس کے بعد جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیلاب کے دروازے کھول دیے گئے۔
چگ نے مقامی سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا کہ جموں کشمیر کی تباہی کیلئے مقامی سیاسی جماعتیں ہی ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دفعہ 370 کو منسوخ کرنے پر مودی حکومت پر تنقید کرنے والی اپوزیشن جماعتیں جموں و کشمیر کے لوگوں کی بدترین دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے دفعہ 370 کی آڑ میں جموں و کشمیر کے وسائل کو برسوں سے لوٹا اور مودی سرکار کی طرف سے اسے منسوخ کرنے کے بعد ان کی طرف سے جاری لوٹ مار رک گئی ہے۔اس بات کو برقرار رکھتے ہوئے کہ جموں و کشمیر نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد زبردست ترقی اور پیشرفت دیکھی ہے بی جے پی کے قومی جنرل سیکرٹری ترون چھگ نے کہا کہ آج زمینی سطح پر جموں کشمیر آج سب کچھ ہمارے سامنے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ کس طرح سے حالات میں بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے سال 2019 میں دفعہ 370کالعدم قرار دے دیا اور جموں و کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیلاب کے دروازے کھول دیے گئے۔چھگ نے کہا ’’دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد یوٹی ترقی اور ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے اور یوٹی کے لوگوں کو اس فیصلے سے زبردست فائدہ ہوا اور انہوں نے مودی حکومت میں اعتماد اور بھروسہ پیدا کیا جو سب کا ساتھ، سب کا وکاس اورسب کا وشواس ہے ‘‘۔انہوں نے عبداللہوں اور مفتیوں سمیت خاندانی جماعتوں پر سخت حملہ کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا سابقہ ریاست جموں و کشمیر میں ان کے پچھلے چھ دہائیوں سے زیادہ دور حکومت میں ایسی ترقی ہوئی ہے جو دفعہ370 کو منسوخ کرنے کے بعد سے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ یہ پارٹیاں مودی حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کیوں کر رہی ہیں جس کی ملک کے عوام نے تائید کی ہے؟ ۔ مودی حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے کا مطلب ہے کہ یہ جماعتیں جموں و کشمیر اور اس کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کی مخالف ہیں ۔‘‘انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہڑتالیں، بندھ اور پتھراؤ مکمل طور پر روک دیا گیا ہے کیونکہ لوگوں نے خود کو مودی سرکار کی پالیسیوں اور پروگراموں سے پہچانا ہے کیونکہ وہ بھی موجودہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔