عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//پیٹرولیم اور قدرتی گیس اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیرہردیپ سنگھ پوری اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرسنگھ نے کٹھوعہ میں ایک زبردست عوامی ریلی سے خطاب کیا۔اس ریلی کا انعقاد جموں و کشمیر بی جے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے کامیاب 9 سال مکمل ہونے پر ’’9 سال بے مثال ‘‘ کے تحت جاری پروگراموں کے سلسلے میں کیا تھا۔پوری نے ریلی سے خطاب کرتے ہویے کہا’’محفوظ ماحول’ سرمایہ کاری اور روزگار کی پہلی شرط ہے۔ آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد آج جموں و کشمیر محفوظ ہے اور یہاں سرمایہ کاری بھی آرہی ہے۔
آج جموں و کشمیر پوری طرح بدل رہا ہے۔ ترقی کا ایک نیا باب لکھ رہے ہیں‘‘۔ہردیپ پوری نے مزید کہا، “آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد بہت کچھ بدل گیا ہے، پتھر بازی سب سے بڑی صنعت کی شکل اختیار کر رہی تھی۔ اب، جموں و کشمیر میں مقامی امن و امان میں بہتری آئی ہے، قومی سلامتی کے مسائل کو مناسب طریقے سے حل کیا گیا ہے”۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پارلیمانی حلقہ میں کئے گئے بڑے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ شاید کوئی خطہ ایسا نہیں بچا ہے جہاں کچھ فاصلے کے اندر ترقیاتی کام نظر نہ آتے ہوں۔اس موقع پر ایک کتابچہ بھی جاری کیا گیا جو ناقابل یقین چند اہم کاموں پر مبنی ہے جو ادھم پور۔ کٹھوعہ۔ڈوڈہ لوک سبھا حلقہ میں 9 سال میں تعمیراتی کام ہوئے ہیں۔