جموں //جموں کشمیر اور لداخ میں بجلی شعبے کو فروغ دینے کیلئے مرکزی سرکار نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اُس کی تیسری میٹنگ یہاں اتر پردیش سرکار کی صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری الوک کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ کمیٹی کو جموں کشمیر اور لداخ میں دستیاب وسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان خطوں میں بجلی شعبے کو فروغ دینے کیلئے نقشہ راہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تا کہ ان خطوں میں دن رات بجلی کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ میٹنگ میں سیکرٹری پی ڈی ڈی ایم راجو ، سی ای او آر ای سی آر لکشمن ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی ڈی سی ایل کے محمد اعجاز اور ٹاٹا پاور کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے آغاز میں سیکرٹری پی ڈی ڈی نے جموں کشمیر میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی حکومت نے مختلف مرکزی سکیموں کے تحت جموں کشمیر میں بجلی شعبے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں عملائی جا رہی سکیموں کو اس برس کے آخر تک مکمل کیا جائے گا ۔ ایم راجو نے کہا کہ جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں صارفین کو دن رات بجلی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بنایا گیا ہے اور بجلی کی تقسیم و ترسیل کیلئے ڈی پی آر تیار کئے گئے ہیں جن کو مالی مدد حاصل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو بھیجا گیا ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں بجلی کے تعلق سے تشکیل دی گئی کارپوریشنوں کو فروری 2020 سے مکمل طور کار گر بنایا گیا ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ جے کے پی ڈی سی ایل نے جموں کشمیر میں موجود پانی کے وسائل کا استعمال کر کے بجلی کو مزید بہتر بنانے کا منصوبہ بنایا ہے اور 2025 تک بجلی کی صورتحال کو بہت بہتر کیا جائے گا ۔ کمیٹی کی میٹنگ میں پی جی سی آئی ایل اور بجلی محکمہ کے چیف انجینئروں کے ساتھ ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بجلی کی تقسیم کاری کے سیکٹر کے تعلق سے بتایا گیا کہ جموں اور سرینگر شہروں میں سمارٹ میٹر نصب کرنے کا کام پہلے ہی شروع کیا گیا ہے اور اس عمل کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی ۔ میٹنگ میں پی ڈی ڈی افسروں پر زور دیا گیا کہ وہ قانون کو لاگو کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کریں تا کہ بجلی کی ترسیل میں ہونے والے نقصانات کو کم کیا جا سکے ۔ میٹنگ کے دوران ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔