جموں//چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اور چائلڈ لائین نے چھنی ہمت جموں میں ایک 16 برس کی لڑکی کی شادی ہونے سے رکوا دی۔چائلڈ ویلفیئر کمیٹی جموں اور چائلڈ لائین کو پسماندہ کنبے سے تعلق رکھنے والی16 برس عمر کی ایک لڑکی کی شادی سے متعلق اطلاع موصول ہوئی۔ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو جانکاری دی گئی اورمتعلقین پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم چھنی ہمت پہنچی اور اس شادی کو ہونے سے روک دیا۔ٹیم نے وہاں پہنچ کر والدین اور لوگوں سے لڑکی کی عمر کے بارے میں تحقیقات کی۔تا ریخ پیدائش کی جانچ کرنے کے بعد پولیس نے پایا کہ یہ لڑکی ابھی نو عمر ہے اور اس شادی کو روک دیا ۔ یہ پوری کاروائی چیئرپرسن ڈسٹرکٹ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی شالنی شرما کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔بعد میں مذکورہ لڑکی اور اس کے والدین کی کونسلنگ کی گئی اور انہیں نابالغ بچوں کی شادی کے مضر اثرات سے روشناس کرایا گیا۔