جموں//صوبہ جموں میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ بدستورگھروں میں محصورہیں۔ جموں شہر اور صوبے کے دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں مکمل لاک ڈاؤن کو ممکن بنانے کے لئے سڑکوں اور گلی کوچوں میں سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اور جگہ جگہ خار دار تاریں بچھائی گئی ہیں۔پولیس اور دیگر فورسز اہلکاروں کے رویہ میں روزانہ سختی آرہی ہے اور بلا جواز گھروں سے باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹاجارہاہے ۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں پابندیاں جاری ہیں اور لوگوں کو گھروں میں میں بند رکھنے کے لئے دفعہ 144پہلے سے ہی نافذ ہے۔ لوگوں کو گھروں میں ہی بیٹھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کے لئے پولیس کی گاڑیاں دن بھر مختلف علاقوں کا دورہ کرکے لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے اعلانات کررہی ہیں۔ مساجد سے بھی یہ اپیل کی جارہی ہے کہ لوگ گھروں میںنماز ادا کریں اورایک جگہ جمع ہونے سے گریز کریں ۔خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب میں بھی مکمل لاک ڈائون ہے اور جہاں پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر قدغن لگائی گئی ہے وہیں پیدل چلنے والوں پر بھی پابندی عائد ہے ۔