جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جمناسٹک ہال ایم اے سٹیڈیم جموں میں 56ویں جونیئر آرٹسٹک اور 26ویں رتھمک نیشنل چمپئن شپ کا اِفتتاح کیا۔قومی چمپئن شپ جموںوکشمیر کی جمناسٹک ایسو سی ایشن کی جانب سے جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقد کی جارہی ہے ۔ پانچ روزہ قومی چمپئن شپ میں ملک کی 27 رِیاستوں سے تقریباً600 کھلاڑی ، آفیشلز او رکوچز حصہ لے رہے ہیں ۔جموںوکشمیر یوٹی میں پہلی بار اِس قسم کی تقریب حکومت کے مکمل تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان مہمان خصوصی اور جگل کشور شرما اور میئر جموں میونسپل کارپوریشن جموں چندر موہن گپتا مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گل ، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی راجیش گپتا، صدر جمناسٹکس ایسو سی ایشن جے اینڈ کے کرن واتل ، جمناسٹک فیڈریشن آف اِنڈیا کے صدر سدھیر متل اور مختلف ایسو سی ایشن کے صدور اور جنر ل سیکرٹریز موجودتھے۔مشیر فاروق خان نے اَپنے خیالا ت کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیرکے لئے یہ قابل فخر لمحہ ہے کہ جموں میں بڑے پیمانے پر قومی چمپئن شپ کی میزبانی کی جائے۔اُنہوں نے کہاکہ اِس سے جموںوکشمیر میں سپورٹس کلچر کو فروغ حاصل ہوگا۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’مجھے اُمید ہے کہ کھلاڑی یقینی طور پر ملک کے اس حصے میں امن اور خوشحالی کا پیغام اپنے ریاستوں تک پہنچائیں گے جو اُنہوں نے جموں وکشمیر میں قیام کے دوران مشاہدہ کیا ہوگا۔‘‘مشیر موصوف نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے کھلاڑیوں کو آنے والے اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ میڈلوں کو جیتنے کے لئے اَپنی صلاحیتوں کو اَپ گریڈ کرنے اور ان کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔مشیر فاروق خان نے جمناسٹک ایسو سی ایشن اور سپورٹس کونسل کے تعاون کو بھی سراہا جنہوں نے کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری کے دوران قومی سطح کے پہلے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا چیلنج قبول کیا۔جے اینڈ کے جمناسٹک ایسو سی ایشن کے صدر نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا ۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں پہلی بار اتنی بڑی چمپئن شپ کی میزبانی کے لئے ہر سہولیت فراہم کرنے پر حکومت اور سپورٹس کونسل کا شکریہ اَدا کیا۔اِس سے قبل سیکرٹری سپورٹس کونسل نے جمناسٹک کی حصولیابیوں اور نصابی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کی ۔اُنہوں نے سپورٹس کونسل سے قومی تمغہ جیتنے والے اور قومی چمپئن شپ کے اِنعقاد کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر میں اس طرح کا عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ اور آلات فراہم کرنے پر مہمان خصوصی کا شکریہ اَدا کیا۔رکن پارلیمنٹ جُگل کشور نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سٹیڈیم میں ایک اور کثیرالمقاصد ہال تعمیر کرنے کے لئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا۔جموںوکشمیر جمناسٹک ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری رویندر سنگھ نے مکمل تعاون فراہم کرنے پر مہمان خصوصی ، مہمان ذی وقار اور سپورٹس کونسل کا شکر یہ اَدا کیا۔