سید امجد شاہ
جموں//مسلسل تیسرے دن بھی جاری امرناتھ یاترا پیر کو بھی جموں سری نگر ہائی وے کے بند ہونے کی وجہ سے رام بن ضلع میں خراب موسمی حالات کے پیش نظر سڑکوں کے ڈھہ جانے کی وجہ سے معطل رہی۔ایک عہدیدارنے بتایا ”جموں کے بیس کیمپ بھگوتی نگر میں مسلسل تیسرے دن بھی روڈ ٹرانسپورٹ بسوں کی کوئی بکنگ نہیں ہوئی۔ضلع انتظامیہ کے ایک اور عہدیدارنے بتایا کہ انہوں نے جموں شہر کے 40 سے زیادہ قیام گاہوں میں یاترا کی معطلی کی وجہ سے 11000 سے زیادہ یاتریوں کو جگہ دی ہے۔انکا کہناتھا”ہم یاتریوں کی مدد کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں، اور ان کے لیے ضروری انتظامات کر رہے ہیں۔ یاترا کو روک دیا گیا ہے کیونکہ ہائی وے صاف نہیں ہے، اور موسم کی حالت مناسب نہیں ہے“۔ٹریفک پولیس کے مطابق 3000 سے زائد ٹرک سامان سے لدے ادھم پور میں جموں سری نگر ہائی وے کے مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ ہائی وے کی کلیئرنس کا انتظار کر رہے تھے۔انتظامیہ نے سیاحوں اور یاتریوں کے لیے انتظامات کیے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے اپنی گاڑیاں لنگر کی جگہوں پر رکھی ہیں ۔اس کے علاوہ، ایک عہدیدار نے کہا کہ انہوں نے ادھم پور میں 2200 سے زیادہ امرناتھ یاتریوں کو جگہ دی ہے۔ افسر نے مزید کہا ”ہمارے پاس ا±دھم پور میں 123 لاجمنٹ سینٹر مکمل طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ پوری طرح سے بھرے پڑے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اتوار کو بہت سے یاتری جموں اور آر ٹی سی بسوں سے ٹرین کے ذریعے ادھم پور آئے تھے۔انکا مزید کہناتھا””ہم نے انہیں جگہ دی ہے۔ تاہم، کچھ یاتری ادھم پور سے دو آر ٹی سی بسوں میں جموں واپس آئے کیونکہ وہ مذکورہ ضلع میں پچھلے دو دنوں سے پھنسے ہوئے تھے“ ۔دریں اثنا، کٹھوعہ میں حکام نے بھی یاتریوں کو لکھن پور میں خوش آمدید کہنے کے بعد مختلف قیام گاہوں میں جگہ دی ہے۔
گوالیار کا یاتری حرکت قلب بند ہونے سے فوت
ابتک مجموعی طور10سے زیادہ امرناتھ یاتری فوت
محمد تسکین
بانہال // پچھلے چار روز سے یاترا نواس چندرکوٹ رام بن میں درماندہ پانچ ہزار سے زائد امرناتھ یاتریوں میں سے ایک امرناتھ یاتری نے پیر کی صبح ممکنہ طور حرکت بند ہونے سے دم توڑا ہے اور اس کی میت کو گوالیار کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ سرکاری زرائع نے بتایا کہ یاترا نواس چندرکوٹ میں درماندہ ایک 59 سالہ یاتری سوریا ونشم ولد گوند رام ساکنہ گوالیار نے پیر کی صبح سینے میں تکلیف کی شکایت کی اور اسے یاترا نواس چندرکوٹ میں موجود ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد میں اسے ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر مہلوک یاتری کی میت کو ایمبولینس کے زریعے گوالیار میں واقع اپنے آبائی علاقہ کی طرف روانہ کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے یاتری کی حرکت قلب بندہونے سے موت واقعہ ہوجانے کے بعد امسال ابھی تک امرناتھ یاترا2023میں شامل10سے زیادہ یاتری مختلف طبی وجوہات کی بناءپر فوت ہوئے ہیں۔ یاتریوں کے فوت ہونے کے وجوہات کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں دی جاتی ہے۔بلکہ مانا جارہا ہے کہ یاتریوں کے فوت ہونے کی وجہ زیادہ اونچائی اور کم آکسیجن کی وجہ سے ہارٹ اٹیک ہونا عام وجوہات میں سے ایک ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک یاترا 2023کے دوران25 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ جان گنوانے والوں میں9 یاتری اور ایک آئی ٹی بی پی اہلکار شامل ہے۔