جموں//مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے جموں خطے کے ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور اودھمپور اضلاع میں پی ایم جی ایس وائی ، سی آر ایف سڑکوں اور کئی پلوں کا الیکٹرانک موڑ کے ذریعے سنگ بنیادرکھا۔ ا س موقعہ پر گورنر کے مشیر کے کے شرما بھی موجود تھے۔اِن پروجیکٹوں پر مجموعی طور 205.37 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے اور یہ ان اضلا ع کے لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی۔جن پروجیکٹوں کا آغاز سنگ بنیاد رکھا گیا اُن میں سگل کھڈ پر پل ، نالہ بیہانی پر پُل ، گلمان سے دسانو تک سڑک کی تعمیر ،کٹھوعہ ضلع میں ہیرا نگر نالے پر چالیس میٹر لمبے دو گلیاروں والا پُل شامل ہے۔اس کے علاوہ سکوں سے جگوٹا تک سڑک کی تعمیر ، چناب پر 125 میٹرلمبے ایک گلیارا والے پُل کی تعمیر ،مارسو میں چناب پر 200 میٹر لمبے پل کی تعمیر ،جے سے سرنگا موڈ تک سڑک کی تعمیر ،پادری سے بھال پادری تک سڑک کی تعمیر اور دیگر کئی پروجیکٹوں بھی شامل ہیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی مجموعی ترقی کے لئے کافی سنجیدہ ہے اور وہ ترقیاتی عمل کو یقینی بنارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر 1300 کلومیٹر لمبی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جس کی مدد سے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی یقینی بن گئی ہے۔ڈاکٹرجتندر سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کو آر اینڈ بی سیکٹر کے تحت 2100 کروڑ روپے لاگت والے پروجیکٹ تفویض کئے گئے ہیں اور یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جموں وکشمیرمیں ترقیا تی عمل جاری ہے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گورنر کے مشیر نے ریاست کی ترقی میں اِن پروجیکٹوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ گورنر انتظامیہ ریاست میں ترقیاتی عمل کو دوام بخشنے کی وعدہ بند ہے۔اس موقعہ پر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید احمد شاہ ، چیف انجینئر بی کے کھنہ ،ایس ای خواجہ نثار گونی ، دیس راج اور دیگر افسران موجود تھے۔