جموں //تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے بورڈ کے امتحانات میں شامل ہونے والے طلاب کو نیک خواہشات دیتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ اپنے مقصد کی طرف اپنی توجہ مرکوز کریں ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے آج جموں میں کئی امتحانی مراکز کا دورہ کرنے کے دوران طلاب کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لینے کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی وبا پر قابو پانے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں ۔ بچوں پر پڑنے والے امتحان کے تناؤ کا ذکر کرتے ہوئے پریا سیٹھی نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقصد یہ ہونا چاہئیے کہ بچے علم حاصل کریں اور زیادہ سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے پر دباؤ نہیں ڈالا جانا چاہئیے ۔ وزیر موصوفہ نے سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بدولت ہی نئی پود کو ذمہ دار شہری بنانے میں مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک بچے میں مخصوص قسم کی صلاحتیں موجود ہوتی ہیں تا ہم ان صلاحیتوں کو صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے ۔ بعد میں وزیر موصوفہ نے کئی سرکاری سکولوں کا دورہ کر کے وہاں ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچے کو تقویت بخشنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ وزیر کے ہمراہ ایم ایل اے ایسٹ راجیش گپتا کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے ۔