مینڈھر//ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانانے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کے خلاف تحریک استحاق پیش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس مینڈھرمیں مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور افسران کی مار پیٹ کرکے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے بھیرہ واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے کچھ سیاسی لوگ گندی سیاست کھیل رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ واقعہ سب لوگوںکی آنکھوں سامنے پیش آیا اورکسی سے یہ پوشیدہ نہیں کہ کون غلط ہے اور کون صحیح ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پولیس کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے سے کچھ افسران جھنجلا گئے اور انہوںنے تقریب کو ہی ناکام بنانے کی کوشش کی ۔انہوںنے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ اسمبلی اجلاس کے دوران تحریک استحاق پیش کریںگے ۔انہوںنے دعویٰ کیاکہ پولیس اس پروگرام کا روز اول سے ہی ناکام بنانے کیلئے کوشاں تھی ۔انہوںنے کہاکہ پونچھ پولیس کی ناکامی کا اس سے بڑا ثبوت اورکیا ہوسکتاہے کہ مینڈھر میں درجہ اول مجسٹریٹ پر ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے دوران حملہ کیاگیا لیکن پولیس نے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر میں مجرمانہ کارروائیوں کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اور سماج دشمن عناصر قانون کو اپنے ہاتھوں لیکر خلاف قانون اقدامات کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کچھ سال قبل وزیر برائے تعمیر ات عامہ کے قافلے پر پتھرائو کیاگیا اور پولیس کچھ بھی کارروائی نہیں کرپائی ۔انہوںنے کہاکہ خطہ پیر پنچال کے لو گ وطن پرست ہیں اور یہ پولیس و فوج کی وجہ سے نہیں بلکہ وہ قدرتی طور پر وطن سے محبت کرتے ہیں ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ پو لیس آر ایس ایس کی ایجنٹ ہے اور آر ایس ایس کے اشارو ں پر چل رہی ہے۔