منڈی // تحصیل منڈی کے علاقہ لورن میں قائم جامعہ عروج الاسلام میں ایک دینی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مولاناسعید احمد حبیب نائب مہتمم جامعہ ضیاالعلوم پونچھ نے کی۔اس موقعہ پر مقرر خصوصی مولانا غلام محی الدین سابقہ محدث حدیث جامعہ ضیاالعلوم پونچھ نے عظمت قرآن الکریم کے بارے میں مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی ایک ایک آیت سیرت رسول صل اللہ علیہ وسلم سے بھر پور ہے اور اس میں ہر قوم کا تذکرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس امت کو اللہ کی طرف سے دو انعام عطا ہوے جن میں آخری رسولؐ اور قرآن ہیں ۔انہوں نے حضرت محمدالرسول اللہ اور قرآن پاک کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہاکہ رسول کی ذات ہر انسان کے لئے نمونہ عمل ہے جبکہ قرآن کی تعلیمات پر عمل کر کے انسان اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو اللہ کی اس برگزیدہ کتاب پر عمل پیرا ہوا وہ کامیاب ہوگیااورقران سے ہٹ کر زوال یقینی ہے۔ان کاکہناتھاکہ قرآن پاک ایک فیصلہ کن اور مکمل و کامل ہدایت کی کتاب ہے، تمام انسانوں کے لئے کامیابی کا ضابطہ بھی یہی ہے۔ مولاناعبدالحمید نے عظمت صحابہ اور مدارس اسلامیہ کے بارے میں مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب تک دینی مدارس آباد ہیں، یہ میراوطن عزیز بھی قائم و دائم ہے۔ مولانا بشیر احمد اشاعتی نے بھی مقام صحابہ اور موجودہ دور میں ابھرتے فتنوں پر مختصر روشنی ڈالتے ہوئے علماء کرام سے دین کو سمجھ کر اس پر عمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پھیلتے جارہے فتنے صرف اس لئے بڑھ رہے ہیں کہ امت مسلمہ کا رابطہ علماء کرام سے کٹ چکا ہے اور دنیا میں فتنے موسلادھار بارش کی طرح ہر جانب برس رہے ہیں ۔ اپنے خطاب میں مولانا سعید حبیب نے کہا کہ یہ دینی ادارے اللہ کا انعام ہیں جن کی مدد اور حفاظت ہمارا ملی فرض ہے۔انہوںنے کہاکہ علماء کرام کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کیا جائے اوراپنے مسائل کے حل بجائے اپنی نفس پرستی اور من مانی کے علماء کرام سے دریافت کرکے عمل کیا جائے۔ جامعہ فیض القرآن منڈی کے ناظم مولانامفتی محمد شریف الحسن قاسمی ،جامعہ طیب العلوم لورن کے مہتمم مولانازائد الحسن قاسمی ،مولانامحمد شفیع بزاز ،مولانامفتی عبدالرحیم تھنہ منڈی راجوری، حافظ اعجاز احمد ضیائی کے علاوہ مدارس اسلامیہ سے کارکنان اور لوگوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر علماء کرام کے ہاتھوں پانچ حفاظ قرآن کو دستار فضیلت پہنائی گئی اور انعامات کے ساتھ ساتھ اسناد بھی پیش کی گئیں ۔ جامعہ کے زیر اہتمام مکاتب کا مسابقہ القرآن میں شامل طلبا میں کامیاب ہونے والوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے ۔ پروگرام کا اختتام صدر مجلس کی دعا پر ہوا۔ جامعہ کے ناظم اعلیٰ مولاناغلام فرید نے جملہ علماء کرام حفاظ کرام آئمہ مساجد ودیگر حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولاناعبدالحمید نے انجام دیئے جو اسی جامعہ کے استاذ ہیں۔