تھنہ منڈی// جمعہ کی شام کو تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاں اور لاح میں بادل پھٹنے سے درجنوں مکا ن تباہ ہوئے جبکہ متعدد مویشی ہلاک ہوئے اوراسی طرح سے سینکڑوں کنال اراضی تباہ ہوگئی۔جمعہ کے روز بعد دوپہر اچانک موسم خراب ہونے پر زور دار بارش ہوئی جس دوران تحصیل تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاں اور لاح میں بادل پھٹنے سے پسیاں گر آئیں جن کیملبے سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے جبکہ کئی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے اندر رکھاہواسامان تباہ ہوگیا۔ پسیوں کے ملبہ کی زد میں ایک موٹرسائیکل اوردو چھوٹی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی۔ اس دوران کئی مال مویشی ،بکریاں اور مرغے بھی ہلاک ہوئے۔ کھبلاں اور لاح میں تیز بارشوں سے سینکڑوں کنال اراضی تباہ ہوگئی اوراس اراضی پر اگائی گئی مکی کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔اس صورتحال کے نتیجہ میں علاقے میں پانی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے اور لوگوں کو پینے کے پانی کے حصول میں مشکلات کاسامناہے۔مقامی لوگوں کے مطابق کھبلاں کے جابہ اور بکروال موہڑا میں متاثرین کو محض تن کے کپڑوں کے سوا کچھ نہیں بچا۔بادل پھٹنے کے دوران لوگ اپنی جان بچاکر بھاگنے میں کامیاب ہوئے نہیں تو جانی نقصان بھی ہوسکتاتھا۔ان علاقوں میں متاثرین نے خوف و حراس میں رات گزاری جو اپنے مکانوں کے اندر جانے سے ڈر رہے تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقہ کھبلاں اور لاح میں لوگوں کی عید کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ علاقہ میں بجلی کی عدم دستیابی سے رابطے منقطع ہو گئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے عید الفطر کے روز ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین چوہدری نیتحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمان قاضی اور دیگر ساتھیوں سمیت موقعہ پر پہنچے جنہوں نے اپنے آبائی علاقہ لاح اور کھبلاں کی دو پنچایتوں کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا۔انہوں نے تحصیلدار تھنہ منڈی کو تمام تر نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے رپورٹ تیار کرنے کی یدایت جاری کی۔