جموں//سٹیٹ ٹی بی کنٹرول سوسائٹی اور ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز جموں کے مشترکہ اہتمام سے سینڈ یوجف ہسپتال بڑی براہمناں میں ٹی بی مخالف دن کے تعلق سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ اس سال کا موضوع’’2025 تک تپ دق کا خاتمہ ‘‘ ہے ۔ تقریب پر صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اتل ڈولو نے خاص مہمان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا سے تپ دق کے خاتمے کیلئے مختلف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار وکھشے پوشن یوجنا کے تحت مستحق مریضوں کو علاج و معالجے کے دوران 500 روپے فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کو طبی اور تشخیصی سہولیات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے تپ دق کے مکمل خاتمے کیلئے جانکاری کو وسیع پیمانے پر عام کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تپ دق کے مریضوں کیلئے جو پروگرام شروع کئے گئے ہیں انہیں بھی تشہیر دی جانی چاہے ۔ سیکرٹری موصوف نے کہا کہ ورلڈ ٹی بی ڈے کو منانے کا مقصد عام لوگوں کو اس بیماری سے متعلق جانکاریاں فراہم کرنا ہے ۔ تقریب پر ناظمِ صحت جموں ڈاکٹر سمیر مٹو ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر بوپندر کمار اور محکمہ صحت سے وابستہ دیگر کئی عہدیدار بھی موجود تھے ۔