عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // ایک تازہ ترین پیشرفت میں، ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن جموں اور کشمیرنے دونوں ڈویژن کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے ساتھ ساتھ کوچنگ سینٹروں میں دستیاب لائبریری کی کتابوں کا جامع جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔یہ اقدام سکولوں میں لائبریریوں کے لیے کتابوں کی منظوری پر حالیہ تنازعہ کے بعد سامنے آیا ہے۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کے تازہ سرکیولرز کے مطابق، تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلاس رومز، لائبریریوں، دفاتر اور سٹاف رومز میں دستیاب حال ہی میں خریدی گئی اور پرانی اشاعتوں سمیت ہر کتاب کی جانچ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ “تعلیمی اداروں میں کوئی قابل اعتراض یا نامناسب مواد استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔”سرکیولرز میں کہا گیا ہے کہ مشق کا مقصد کسی ایسے مواد کی نشاندہی کرنا ہے جو مذہبی جذبات، مروجہ قوانین، تعلیمی اقدار یا قائم کردہ اصولوں کی خلاف ورزی کر سکتا ہو۔ اس میں مزید کہا گیا ہے”تمام پڑھنے والے مواد کو قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کے عمر کے لحاظ سے مناسب رہنما خطوط اور مقاصد کے مطابق ہونا چاہیے،” ۔ڈی ایس ای نے متعلقہ ادارے کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قابل اعتراض مواد کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے، جبکہ کتاب کے ٹائٹل، اس کے مصنف اور ناشر کے علاوہ دستیاب کاپیوں کی تعداد کا ذکر کیا جائے۔سرکلر کی ہدایات کے مطابق، تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کوچنگ سینٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر (ZEO) کو کمپلائنس سرٹیفکیٹ جمع کرائیں، اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ تمام کتابوں کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی ہے، احاطے میں کوئی قابل اعتراض مواد موجود نہیں ہے اور لائبریری کی کتابیں NEP 2020 کے رہنما خطوط کے مطابق ہیں۔”قابل اعتراض مواد کی نشاندہی کرنے والے اداروں کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ ایک تفصیلی رپورٹ منسلک کرنی چاہیے۔”