عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ// مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندرا سنگھ نے ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری علاقے میں بادل پھٹنے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صبح سویرے ہی ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال سے رابطے میں آئے اور اس کے بعد بھی مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ بادل پھٹنے کے نتیجے میں املاک اور سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی شروع کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی، نقصانات کے جائزے اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا دفتر انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔