ترال +گاندربل/سید اعجاز +ارشاد احمد/ترال میں ملی ٹینٹوں کے 2معاونین کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ادھر شوپیان میں 3دیہات اور بیروہ کنڈورہ میں تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔جمعہ کو بعد دوپہر قریب اڈھائی بجے سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے لئے کام کررہے مزمل احمد بٹ عرف عاقب اور سہیل منظور کو گرفتار کیا اور انکی تحویل سے 185راونڈس بر آمد کئے گئے۔ اس سلسلے میں کیس زیر نمبر 194/2021درج کر لیا گیا ۔تاہم پولیس کی جانب سے گرفتاریوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ادھر بابا پورہ زینہ پورہ شوپیان نامی گائوں کا فسٹ آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف نے جمعہ کی صبح محاسرہ کیا اور خانہ تلاشیاں لیں۔اسی طرح کی کارروائی کھاسی پورہ شوپیان میں 34آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف نے عمل میں لائی جبکہ ڈانگر پورہ شوپیان میں 34آر آر نے محاصرہ کر کے خانہ تلاشیاں لیں۔ تاہم تینوں دیہات سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دریں اثناء بیروہ سے ملحقہ کنڈورا کا سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر گھر گھر تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ یہ کارروائی علاقہ میں جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور موجودگی سے متعلق اطلاعات کے بعد شروع کی گئی۔ محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور لوگوں کے شناختی کارڈوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی۔