فورسزکو الرٹ کردیاگیا، گشت تیزکردی گئی ، سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی
جموں//اروناچل پردیش میں ہندوستان اور چینی افواج کے مابین تصادم آرائی کے بعد جموں کے سرحدی علاقوں خاص طور پر پونچھ اور سانبہ اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی گشت تیز کر دی گئی ہے جبکہ سرحدوں پر چوکسی کو مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔جموں اور کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے سانبہ میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد کے ساتھ گشت بڑھا دیا ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بی ایس ایف نے سانبی میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر چوکسی بڑھا دی ہے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کو خدشہ ہے کہ موجود ہ موسم دراندازی کیلئے موزون ہے اور سرحد پار سے آنے والے ملک دشمن عناصر کسی بھی وقت سرحد پار کرنے کی کوشش کریں گے جس کے باعث سرحدوں پر سیکورٹی کو بڑھایا گیا ہے اور بی ایس ایف کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ یہ اقدامات اروناچل پردیش میں ہند چین افواج کے مابین تصادم آرائی کے بعد اٹھائے گئے ہیں ۔ بی ایس ایف کے ایک سنیئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ دنوں قبل درندازی کے خدشات کے بعد سرحدوں پر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس دوران بی ایس ایف کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی کارروائی کو بروقت ناکام بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں اکثر دراندازی کی کوششیں ہوتی ہے جن پر قابو پانے کیلئے چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور بی ایس ایف کی گشت بھی تیز کر دی گئی ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار چوبیس گھنٹے اپنی خد مات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ دراندازی کی کوششوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دشمنوں کے کسی بھی مس ایڈونچر اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔اْن کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج سخت موسمی صورتحال کے باوجود بھی اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر دراندازی کی متعددکوششوں کو ناکام بنایا گیا جس دوران کئی دراندازوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔