سرینگر// جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی جی پی نے حالیہ دنوں میں جنگجو کمانڈروں کی ہلاکت پر پولیس اور فورسز کی انتھک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے عام لوگوں کو کافی راحت ہوئی ہے۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ البدر،لشکر اور جیش کمانڈروں کی ہلاکت سے عام لوگوں کی جان بچانے اور بے گناہ نوجوانوں کی زندگیوں اور مستقبل کو یقینی طور پر مدد ملے گی۔انہوں نے گذشتہ سال کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرنے اور جنگجوئوں کی گرفتاری کے لئے پولیس اور دیگر فورسز ایجنسیوںکے کردار کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل پولیس نے کہا ’’ اسلحہ برآمد کرنے کا مطلب ہے کہ برائی کو جڑ پر ہی ختم کرنااورر ہتھیارر اٹھاکر تشدد کا راستہ اختیار کر کے گمراہ ہونے سے بچانا ہے‘‘۔ ڈی جی پی نے کہا کہ عام طور پر عوام اور ان نوجوانوں کے والدین نے ہم پر اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ پوری پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اور علاقے میں پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ لگن کے ساتھ کام کریں۔ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ جموں کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سخت جدوجہد کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں غیرمعمولی امن کے لئے سرحد پار جنگجوئوں کے سرپرست نالاں ہیں اور وہ کسی نہ کسی طریقے سے امن و امان کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیگر فورسز کے ساتھ ساتھ جنگجوئوںکے خلاف جموں و کشمیر میں کامیابیاں ملی ہیں اور یہ بہتر و مربوط اقدامات جموں و کشمیر میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لئے جاری رکھیں گے۔ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکاروں کو نوجوانوں کی بنیاد پرستی اور جنگجویت کی طرف دھکیلنے میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنا چاہئے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کی شناخت اور انہیں گرفتار کریں۔ دلباغ سنگھ نے ہدایت دی’’بالائے زمین کارکنوں کے نیٹ ورک کی سرگرمیوں کے خلاف زیادہ چوکنا رہنا چاہئے جو جنگجوئوں کو اپنے مذموم منصوبے تیار کرنے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔‘‘ڈی جی پی نے افسران پر ہائی وے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر متعدد محاذوں پر لڑ رہی ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ شاہراہ کے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا ’’ ملک دشمن عناصر ہمیشہ خامیوں کی تلاش میں رہتے ہیں اور امن خراب کرنے کے ان کے عزائم کو مضبوطی سے نمٹنا ہے۔‘‘ میٹنگ میں شریک افسران آئی جی پی کشمیر شری وجئے کمار ، کمانڈر سیکٹر 1 بریگیڈیر وجے مہادیوون ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف جنوبی کشمیرڈی پی اپادھے ، ایس پی اننت ناگ سندیپ چودھری ، ایس پی کولگام گرندر پال سنگھ ، ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم ، اے ایس پی اننت ناگ ، اے ایس پی کولگام اور اننت ناگ ضلع کے دوسرے افسراں بھی موجود تھے۔