ڈوڈہ //ڈوڈہ بھرت بگلہ سڑک کی خستہ حالی کو لے کر مقامی لوگوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔احتجاجی مظاہرین میں شامل لوگوں نے کہا کہ ضلع صدر مقام ڈوڈہ سے تیس کلومیٹر کی مسافت سے بھرت بگلہ سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ ہے جس کے نتیجے میں مسافروں و باالخصوص مریضوں و ضعیف العمر لوگوں کو سفر کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تنویر احمد نامی ایک مقامی شہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تک اس سڑک کی مرمت پر کروڑوں روپے کی رقم صرف کی گئی لیکن حالت جوں کی توں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈالی ادھیان پور سے بھرت بگلہ کی طرف جارہی سڑک پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔بشیر احمد نامی ایک اور شخص نے کہا کہ گردو غبار و گہرے کھڈے پڑنے سے سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر تار کول بچھانے کے لئے متعدد بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے بھرت بگلہ سڑک کی مرمت و تارکول بچھانے کے لئے متعلقہ ایجنسیوں کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔