اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ میں غیر قانونی شراب کی تیاری اور فروخت کے خلاف جاری مہم کے تحت پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے بھاگواہ علاقے میں قائم ایک غیر قانونی دیسی شراب سازی کی بھٹی کو بے نقاب کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر انچارج پولیس پوسٹ بھاگواہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گڈن بھاگواہ کی رہائشی ریتا دیوی زوجہ موہن سنگھ کے مکان پر چھاپہ مارا، جہاں مبینہ طور پر غیر قانونی دیسی شراب تیار کی جا رہی تھی۔ چھاپے کے دوران پولیس نے تقریباً 10 لیٹر دیسی شراب برآمد کر کے ضبط کر لی۔ اس کے علاوہ شراب تیار کرنے میں استعمال ہونے والے برتن، آلات اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔کارروائی کے دوران شراب کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا تقریباً 10 کلوگرام گڑ بھی برآمد کیا گیا۔ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 199/2026 زیر دفعہ 48(a) ایکسائز ایکٹ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ڈوڈہ پولیس نے کہا ہے کہ غیر قانونی شراب کی تیاری، فروخت اور تقسیم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم سے پاک اور محفوظ معاشرے کے قیام میں عوامی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔