اشتیاق ملک
ڈوڈہ //مسلسل بارشوں کے باعث سب ڈویژن گندوہ کی اہم ٹھاٹھری۔کلہوتران شاہراہ ہفتہ کی شب بمو بھٹیاس کے مقام پر بھاری پسی گرنے سے تقریباً 12 گھنٹے تک مکمل طور پر بند رہی، جس کے نتیجے میں مریضوں، مسافروں اور عام راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مسلسل موسلا دھار بارش کے دوران بمو بھٹیاس کے مقام پر پہاڑی کا ایک بڑا حصہ اچانک شاہراہ پر آ گرا، جس سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور متعدد مسافر کئی گھنٹوں تک راستے میں پھنسے رہے۔ادھر سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال نے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے حکام اور عملے کے ہمراہ موقع کا دورہ کیا، بحالی کے کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو شاہراہ جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایات دیں۔ محکمہ تعمیراتِ عامہ کے حکام نے بتایا کہ مسلسل بارش اور بھاری پسی کے باعث ملبہ ہٹانے کے کام میں دشواری پیش آئی، تاہم مشینری اور عملے کی مسلسل کوششوں کے بعد ہفتہ کی شام تقریباً 4:30 بجے شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری بارشوں کے سبب ٹھاٹھری۔کلہوتران شاہراہ کے متعدد مقامات پر پتھر اور پہاڑی ملبہ گرنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس سے مسافروں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔