جموں//سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے مستقبل کو تابناک بنانے میں صحیح اور موثر تعلیم کا اہم رول ہے اور سماج کے ہر فرد پرذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحیح تعلیم کا ماحول فراہم کرنے اور اسے بڑھاوا دینے کی کوششوں میں اپنا ہاتھ بٹائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کی اہمیت و افادیت کوزندگی کے کسی بھی موڑ پر فراموش نہیں کر سکتے ہیںکیونکہ تعلیم وہ آلہ ہے جس کی مدد سے ہم تمام سماجی، ذاتی اور پیشہ ورانہ مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہا ر سیکرٹری سکولی تعلیم نے اساتذہ بھون جموں میں(Young Brains)نامی انٹر سکول ہیلتھ کوئز مقابلے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام شری ماتا ویشنو دیوی ناراینا سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹرہ ریاسی نے کیا تھا۔اس موقعے پر انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ تعلیم کی مدد سے اقتصادی حالت کو مستحکم بنانے ، سماج میں امن قائم کرنے ،نابرابری ، رشوت خوری اورغریبی کا خاتمہ کرنے اور انسانی حقوق کو حفاظت فراہم کرنے میںمدد ملتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ تعلیم کا مقصد یہ نہیں ہے کہ ہم کافی محنت کرکے اچھے نتائج حاصل کرسکیں بلکہ پوری انسانیت کی بقا ء اور بہتری کے لئے تعلیم کو ایک آلہ بنا کر اِختراعیت کو استعمال کیا جائے۔ سیکرٹری سکولی تعلیم نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر نے ایجوکیشن سیکٹر کو بڑھاوا دینے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس کی مثال سکولوں اور کالجز کی تعداد میں اضافے کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میڈیسن اور ہیلتھ کئیرکے میدان میں ترقی کر رہا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس شعبے کو پوری طرح سے بڑھاوا دیں تاکہ ریاست جموں کشمیر کو میڈکل ٹورازم کے مرکز کے طو ر پیش کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ اس موقعے پرجموں ڈویژن کے مختلف سکولوں کے تقریباً 300بچوں نے شرکت کی ۔ تقریب میں محکمہ تعلیم اور شری ماتا ویشنو دیوی ناراینا سپر سپیشلٹی ہسپتال کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔