رمیش کیسر
نوشہرہ//بریگیڈیئر محمد عثمان، ایم وی سی، المعروف ’نوشہرہ کے شیر‘کے 114ویں یومِ پیدائش کی یاد میں جاری تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ راجوری نے آرمی اور مائی بھارت راجوری کے اشتراک سے جھنگڑ میں ایک بیداری و رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ کا مقصد عوام کو مرکزی اور جموں و کشمیر حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے آگاہ کرنا اور اہل افراد کو موقع پر ہی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنا تھا۔کیمپ میں مقامی باشندوں، نوجوانوں، طلبہ، سابق فوجیوں، عوامی نمائندوں اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مختلف محکموں نے معلوماتی و رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کرکے لوگوں کو روزگار، ہنر مندی، خود روزگار، تعلیم، صحت، سماجی بہبود، زراعت، باغبانی، مویشی و بھیڑ پالنے، مالی خواندگی اور بینکاری سے متعلق مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔
اس موقع پر ترقی یافتہ وائبرنٹ ولیج پروگرام اور مائی بھارت مہم کے حوالے سے خصوصی بیداری پیدا کی گئی۔ نوجوانوں کو مائی بھارت کے رضاکار کے طور پر رجسٹر ہونے اور قوم کی تعمیر، سماجی خدمت اور ترقیاتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف بریگیڈیئر محمد عثمان کی بے مثال جرات، حب الوطنی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا بلکہ اس کا مقصد یہ بھی تھا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد سرحدی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے ہر مستحق شہری تک پہنچ سکیں۔شرکاء نے 1947-48 کی پاک۔ہند جنگ کے دوران بریگیڈیئر محمد عثمان کی شاندار قیادت اور مادرِ وطن کے دفاع میں دی گئی عظیم قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بہادری، دیانتداری اور بے لوث خدمت کی علامت قرار دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں انڈین آرمی، مائی بھارت راجوری کے رضاکاروں اور تمام شریک محکموں کے تعاون کو سراہا اور عوام پر زور دیا کہ وہ سرکاری فلاحی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ترقی یافتہ بھارت کے وڑن میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ پروگرام کا اختتام تمام شرکاء اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ہوا۔