سرینگر// سپر وائزروںکے ہیلپروں نے سرینگر میں ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیرفاروق احمد خان کے اس بیان کو صداقت سے بعید قرار دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ برطرف کئے گئے ہیلپروں کے پاس تعیناتی کے آرڈر نہیں تھے۔ پریس کالونی سرینگر میں جمعرات کو محکمہ آئی سی ڈی ایس سے برطرف کئے گئے ان ہیلپروں نے ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بلند کئے۔خواتین مظاہرین نے ہاتھوں میںبینر اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے،جن پر’’ برطرفی کے احکامات کو واپس لینے‘ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ روز گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے جو بیان دیا کہ آئی سی ڈی ایس سے بے دخل کئے گئے ہیلپر برائے سپر وائزاروں کے پاس تعیناتی کے آرڈر نہیں تھے وہ حقیقت سے بعید ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام افسروں اور ڈائریکٹروں کی جانب سے اجراء کئے گئے آرڈر ان کے پاس ہیں اور انہوں نے ان دستاویزات کو عدالت میں بھی پیش کیاہے۔مظاہرین نے اس بیان کو بھی مسترد کیا کہ دیگر محکموں سے مشاہرہ دینے کیلئے رجوع کرتے ہیںتاہم2017میں با ضابطہ طور پر ان کیلئے بجٹ بھی مختص کی گئی۔انہوں نے بتا یا کہ مرکز کا نعرہ ہے’’ بیٹی بچائو اور بیٹی پڑھائو‘ کھوکھلا نظر آرہا ہے کیونکہ تعلیم یافتہ خواتین کو روزگار سے برطرف کیا جا رہا ہے۔انہوں نے سرکار کو متنبہ کیا کہ جب تک انکی برطرفی کے احکامات کو واپس نہیں لیا جاتا انکا احتجاج جاری رہے گا۔