محمد تسکین
بانہال// مالی دھوکہ دہی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بانہال پولیس نے ایک پیچیدہ اے ٹی ایم سویپ (ATM Swap) فراڈ کیس کو حل کرتے ہوئے مبینہ طور پر بین الریاستی گروہ سے وابستہ تین افراد کو لہہ، لداخ سے گرفتار کرلیا ہے۔رام بن پولیس ہیڈکوارٹر کیطرف سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ معاملہ 17جون 2026کو اس وقت سامنے آیا جب ایک مقامی خاتون نے پولیس تھانہ بانہال میں شکایت درج کرائی کہ بس سٹینڈ بانہال کے قریب واقع اے ٹی ایم پر اسے دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا گیا۔ شکایت موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر نمبر 127/2026درج کی، جس میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 303(2) اور 318(4) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔تحقیقات کے دوران بانہال پولیس نے جدید تکنیکی تجزیے اور انسانی ذرائع سے حاصل معلومات کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرتے ہوئے ان کی موجودگی لہہ، لداخ میں ٹریس کرلی۔ صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم کو فوری طور پر لداخ روانہ کیا گیا۔مسلسل نگرانی اور کارروائی کے بعد پولیس ٹیم نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت ارجن ولد راج کمار، ساکن مظفر نگر، اتر پردیش ، شیوم کمار ولد جگپال سنگھ، ساکن بجنور، اتر پردیش اور مونٹی ولد پہل سنگھ، ساکن سہارنپور، اتر پردیش کے طور کی گئی ہے ۔پولیس ٹیم نے لداخ میں مقامی عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد تینوں ملزمان کو بانہال پولیس سٹیشن منتقل کردیا ہے، جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا یہ گروہ خطے میں پیش آنے والے دیگر اے ٹی ایم فراڈ معاملات میں بھی ملوث ہے یا نہیں، جبکہ مبینہ طور پر لوٹی گئی رقم کی بازیابی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔