بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے گلستان بالا علاقے میں 2019 کی برف باری کے دوران زمین کھسک گئی اور مڈل سکول کی عمارت ڈہہ گئی جس کا ملبہ ابھی تک نہیں ہٹایا گیا۔اگر چہ اسکول انتظامیہ نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو اس صورتحال سے آگاہ کیاہے تاہم ابھی تک اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔اسکول انتظامیہ کے مطابق 2019 میں برف باری سے زمین کھسک گئی اوریہاں قائم ایک اسکولی عمارت ڈہہ گئی ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی تعمیرنو تودور ابھی تک ملبہ بھی نہیں ہٹا یاگیا جو طالب علموں کیلئے کسی بھی وقت خطرے کا باعث بن بن سکتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 2019 میں جب یہ عمارت ڈہہ گئی تو گلستان پائیں سے بالا تک کا سڑک رابطہ بھی زمین کھسکنے سے تباہ ہوا تھا اورآج تک اُس سڑک کو بھی آمدورفت کے قابل نہیں بنایا گیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ حد تو یہ ہے کہ ملبے میں موجود لکڑی اور دیگر سامان بھی چرالیا گیا ہے اور محکمہ تعلیم مسلسل بے حسی کے عالم میں ہے۔ چیف ایجوکیشن افسر بارہمولہ غلام محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ معاملہ پتہ کرکے ہی کچھ بولیںگے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں آج بھی زمین کھسک رہی ہے اور دیگر ڈھانچوں کو بھی خطرہ ہے اوراگر اس صورتحال کی طرف توجہ دینے میں لیت و لعل کیا جائے گا تو مستقل قریب میں مزیدنقصان ہوسکتا ہے۔