بانہال// خراب موسم اور ہلکی بارش کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کو گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہی۔ آج یعنی جمعرات کو موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر دو طرفہ مسافر ٹریفک کی اجازت ہوگی۔بدھ کے روز خراب موسم کے باوجود بھی شاہراہ بند نہیں رہی، تاہم سمرولی ، قصبہ بانہال اور جواہر ٹنل کے علاقے میں وقفے وقفے سے ٹریفک جام رہا جس پر سہ پہر بعد قابو پایا گیا۔ بدھ کی صبح سے ہی مطلع ابرآلود تھا اور وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں بھی ہوئیں جبکہ بانہال اور جواہر ٹنل کی پہاڑیوں پر تازہ برفباری بھی ہوئی ۔ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسافر ٹریفک کے بعد رام بن اور ادہمپور کے درمیان رکی پڑی مال گاڑیوں کو بھی وادی کی طرف چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو دوطرفہ مسافر ٹریفک چلے گا لیکن شاہراہ پر جمعہ کے روز مرمتی کام کے پیش نظر کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔