راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے حال ہی میں تھنہ منڈی میں بادل پھٹنے سے متاثر ہوئے کنبو ں میں امداد تقسیم کی ہے جس سے وہ اپنے گھروں کی مرمت کرسکیں گے۔اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال اے قیو میر ، ایس ڈی ایم تھنہ منڈی افضل مرزا اور تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن پر مشتمل ایک ٹیم نے کھبلاں علاقے کادورہ کیا جہاں متاثرین کو امداد تقسیم کی گئی۔اس موقعہ پر ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین ،مقامی پنچایتی نمائندگان اور معززین بھی موجو دتھے ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے افسران کے ہمراہ اس علاقے کادورہ کرکے نقصان کا جائزہ لیاتھا۔علاقے میں بادل پھٹنے سے بھاری نقصان ہوا اوراس دوران چھ گھر تباہ ہوئے جبکہ ایک درجن سے زائد کو جزوی طور پر نقصان پہنچاجبکہ کئی جانور اور بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔انتظامیہ کی طرف سے فی کنبہ ایک لاکھ روپے کی امداد دی گئی ہے۔دریں اثناء انتظامیہ نے کوٹرنکہ ،راجوری اور سند ربنی کے کچھ کنبوں میں بھی امداد تقسیم کی ہے جن کو حالیہ بارشوں کے دوران لینڈ سلائڈ سے نقصا ن ہواتھا۔