مینڈھر //مینڈھر میں اے ٹی ایم مشینیں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے بنکوںمیں بھاری بھیڑ ہے اورخواتین سمیت صارفین کو صبح سے لیکر شام دیر گئے تک طویل قطاروںمیںکھڑا رہناپڑتاہے ۔چاہے سٹیٹ بنک آف انڈیاہو یاپھرجموں وکشمیر بنک ،ہر جگہ بھاری بھیڑ جمع رہتی ہیں اور حالت یہ ہے کہ کسی کو اندر جانے کاراستہ تک نہیں ملتا۔مینڈھرمیںپچھلے کئی روز سے اے ٹی ایم مشینیں خالی پڑی ہیں جن میں پیسے نہ ہونے پر مجبوراًلوگوںکو بنکوںکارخ کرناپڑرہاہے ۔بدھ کے روز بھی دونوں بڑے بنکوںمیں زبردست بھیڑ دیکھی گئی اور لوگ ایک دوسرے سے دھکے کھانے پرمجبور تھے ۔ اس دوران خواتین کو بھی شام تک قطار میں لگے دیکھاگیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج دن چھوٹے ہیں اور مینڈھر کے دور دراز علاقوںسے آنے والے لوگوں کا سارا وقت بنکوں میں ہی ضائع ہوجاتاہے اور وہ رات کی تاریکی میں گھر واپس پہنچتے ہیں ۔بدھ کو شام چار بجے سٹیٹ بنک میں لوگوں کی زبردست بھیڑ تھی اورخواتین بھی قطار میں تھیں۔اسی بھیڑ میں موجود ایک صارف خورشید احمد نے بتایاکہ مینڈھر کے لوگوں کیلئے یہ بہت بڑی پریشانی بن چکی ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں میں پیسے نہیں اور بنکوں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کا سارا وقت بنکوں میں ضائع ہورہاہے اور وہ وقت پر گھر بھی نہیں پہنچ پارہے ہیں۔ایک اور صارف شوکت علی خان کاکہناتھاکہ دن بدن اس بھیڑ میں اضافہ ہورہاہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ حکام کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا اور ا ے ٹی ایم مشینوں کو چالو نہیں کیاجارہا۔ انہوںنے کہاکہ جب تک اے ٹی ایم مشینیں کام نہیں کرتی تب تک مینڈھر میں ایسا ہی عالم رہے گا اور بنکوں میں رش بڑھتاجائے گا۔ مقامی صارفین نے بنکوں کے حکام سے اپیل کی کہ اے ٹی ایم مشینوں میں ہر وقت پیسے دستیاب رکھے جائیں اور مزید مشینیں نصب کی جائیں ۔