جموں //ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈی نیشن کمیٹی کے اراکین نے انتظامیہ کی جانب سے غیر تکنیکی ڈائریکٹر تعینات کئے جانے کیخلاف احتجاج جاری رکھتے ہوئے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایگریکلچرل ایمپلائزکو آرڈی نیشن کمیٹی کے چیئر مین پردیپ کمار شرما نے کہاکہ زراعت کا شعبہ ملکی و ریاستی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں ایک اہم رول ادا کرتا ہے تاہم ریاستی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کو غیر سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو تعینات کیا ہے۔موصوف نے کہاکہ انڈین کونسل آف ایگریکلچر ریسرج (ICAR)نے حال ہی میں جاری ایک نوٹیفکیشن زیر نمبر 3-3/2017-EMمیں زراعت اور اس سے منسلک دیگر شعبوں میں آفیسران و پروفیسروں کی تعیناتی کیلئے اہلیت رکھی ہے لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے زیر نمبر184-GADکے تحت ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو بطور ڈائریکٹر ایگریکلچرل جموں تعینات کیا گیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ محکمہ زراعت کے تحت کئی فصلوں کو تیار کیا جاتا ہے اور ان فصلوں میں ہونے والی مختلف بیماریوں ودیگر جانکاری کیلئے ایک تکنیکی طورپر ماہر ڈائریکٹر کی ضرورت ہے تاکہ محکمہ کو بہتر سمیت میں گامزن کیا جاسکے تاہم ریاستی انتظامیہ نے مذکورہ عہدے پر ایک غیر تکنیکی ڈائریکٹر کو تعینات کر دیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ کو نقصان ہو سکتا ہے ۔کمیٹی اراکین نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے سابقہ حکم نامے کو منسوخ کر تے ہوئے محکمہ میں تکنیکی طور پر ماہر ڈائریکٹر کو تعینات کرے ۔