یواین آئی
نئی دہلی/کھیلوں کے سازوسامان تیار کرنے والی کمپنی ایڈیڈاس نے پیر کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل، تیسرے مقام کے پلے آف اور فائنل کے لیے آفیشل میچ بال “ٹرایونڈا فائنل” کی نقاب کشائی کی۔ سنہری، سفید اور سیاہ رنگوں پر مشتمل اس خصوصی ڈیزائن کو عالمی فٹ بال کے سب سے بڑے مقابلوں کو مزید یادگار بنانے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے ۔اکتوبر 2025 میں متعارف کرائی گئی ٹرایونڈا آفیشل میچ بال کی بنیاد پر تیار کی گئی اس نئی گیند میں کارکردگی سے متعلق تمام خصوصیات برقرار رکھی گئی ہیں، تاہم اس کے ڈیزائن کو نئی شکل دی گئی ہے ۔
فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایڈیڈاس نے صرف رنگوں کی تبدیلی پر اکتفا کرنے کے بجائے ایک منفرد ڈیزائن متعارف کرایا ہے ۔ٹرایونڈا فائنل کے ڈیزائن میں ناک آؤٹ مرحلے کے میزبان شہروں کو نمایاں انداز میں شامل کیا گیا ہے ۔ فائنل مرحلے کے میزبان چار شہر ڈلاس، اٹلانٹا، میامی اور نیویارک-نیو جرسی کو گیند کے مرکزی حصے میں نمایاں کیا گیا ہے ، جبکہ دیگر میزبان شہروں کو مثلثی گرافکس کے ذریعے ڈیزائن کا حصہ بنایا گیا ہے ، جس سے گیند کو منفرد اور دلکش انداز ملا ہے ۔