یواین آئی
ناٹنگھم/منگل کے روز ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی20 میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سامنے انگلینڈ کے خلاف ‘کرو یا مرو’ کا چیلنج ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی اس سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، کیونکہ میزبان انگلینڈ نے مانچسٹر میں شاندار طریقے سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے ۔چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ دوسرے ٹی20 میں انگلینڈ نے 191 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 4 وکٹیں باقی رہ کر فتح حاصل کی اور سیریز پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔
اس ہار نے ایک بڑے اسکور کا دفاع کرنے میں ہندوستانی با لرز کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے اور کپتان شریاس ائیر کی نوجوان ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا ہے ۔انگلینڈ کی ٹیم اس وقت زبردست فارم میں ہے ۔ گزشتہ میچ میں جیکب بیتھل کی 46 گیندوں پر 76 رنز کی طوفانی اننگز اور ہیری بروک کے محض 15 گیندوں پر دھماکے دار 39 رنز نے ٹیم کا اعتماد آسمان پر پہنچا دیا ہے ۔ بالنگ میں سیم کرن (33/3) کی نپی تلی گیند بازی، جوفرا آرچر کی تیز رفتار اور عادل رشید کی اسپن جادوگری انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر انتہائی مضبوط بناتی ہے ۔دوسری طرف ہندوستان کے لیے اصل پریشانی بلے بازی نہیں بلکہ بالنگ ہے ۔ مانچسٹر میں ہندوستانی بلے بازوں نے 190/7 کا مضبوط اسکور بنایا تھا، جس میں ابھیشیک شرما نے 24 گیندوں پر 43 رنز بنا کر اپنی شاندار فارم برقرار رکھی۔ایشان کشن نے 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔شریاس ائیر نے 37 رنز کا تعاون دیا۔ویبھو سوریا ونشی نوجوان نے اپنے ڈیبیو میچ میں دو شاندار چھکے لگا کر اپنے ٹیلنٹ کی جھلک دکھائی۔تاہم، ارشدیپ سنگھ کی 3 وکٹوں اور اکشر پٹیل کی کفایتی بالنگ کے باوجود دیگر باؤلرز تسلسل برقرار نہ رکھ سکے اور انگلینڈ نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔ توقع ہے کہ یہاں کی پچ ایک بار پھر بلے بازوں کے لیے سازگار ہوگی۔