نئی دہلی //ایودھیا میں رام مندر تعمیر کو لے کر جاری سرگرمیوں کے درمیان کل وزیر اعظم نریندر مودی نے ورچوئل میٹنگ کر ایودھیا میں ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ایودھیا میں زمین خریداری کو لے کر ہوئے مبینہ گھوٹالے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ اپوزیشن لیڈران نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ پی ایم مودی کروڑوں روپے کے زمین گھوٹالہ معاملہ میں سخت رخ اختیار کریں، اور سادھو-سَنتوں کے ایک طبقہ نے بھی وزیر اعظم سے قصورواروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بات کہی تھی، اور امید کی جا رہی تھی کہ ورچوئل میٹنگ میں اس تعلق سے گفت و شنید ہوگی لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ میٹنگ میں صرف ایودھیا کے ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کے بارے میں بات ہوئی۔میٹنگ کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایودھیا شہر ثقافتی طور پر ہر ہندوستانی کے دل میں بسا ہے اور اس لئے اس کی ترقی کا کام صحت مند عوامی شراکت داری سے اس طرح کیا جانا چاہیے کہ اس کی ثقافتی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جاسکے۔ اترپردیش کے حکام نے اس موقع پر ایودھیا کی ترقی سے منسلک منصوبوں پر ایک پریزنٹیشن پیش کیا۔ ایودھیا کا ڈیولپمنٹ ایک روحانی مرکز، عالمی سیاحت کا مرکز اور ایک پائیدار اسمارٹ سٹی کے طور پر کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھگوان رام میں لوگوں کو ایک ساتھ لانے کی صلاحیت تھی اسے مدنظر رکھ کر ایودھیا کی ترقی کا کام صحت مند شراکت داری پر مبنی ہونا چاہیے۔