جموں//یوتھ کانگریس ورکروں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ایندھن کی قیمتوں میں بارباراضافے کے خلاف ایک انوکھے احتجاج میں پٹرول پمپوں پرآنے والے لوگوں کی ایندھن پرٹیکس کی رقم اداکی۔پارٹی کارکن یوتھ کانگریس صدراْدھے بھانوچب کی قیادت میں ایندھن کی قیمتوں میں لگاتاراضافے کے خلاف پٹرول پمپوں کے باہرجمع ہوکراحتجاج کیا۔انہوں نے ایک لیٹر پٹرول پرٹیکس کی65روپے کی رقم اْن لوگوں کے ہاتھ میں دی جو پٹرول پمپوں پرگاڑیوں میںپٹرول ڈالنے آرہے تھے۔ احتجاجیوں نے کہا کہ انہوں نے جموں کشمیرانتظامیہ کی طرف سے عائد ٹیکس کی رقم کے برابرنقدی اْن لوگوں کو دی جو پٹرول پمپوں پرپٹرول ڈالنے آئے تھے۔چب نے ذرائع ابلاغ نمائندوں کو بتایا کہ یہ بھاجپا حکومت کے خلاف انوکھااحتجاج ہے جس کا مقصدصارفین کو مرکزی حکومت کی ''دن دہاڑے لوٹ''سے باخبر کرنا ہے جو وہ پٹرول،ڈیزل کی قیمتوں میں بارباراضافے سے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاہک ایک لیٹر پٹرول کی قیمت105روپے اداکرتاہے جس میں سے65روپے کاٹیکس ''بھاجپا کے خزانے''میں جاتاہے۔اس کے علاوہ اگردیگرمحصولات کوبھی شامل کیاجائے،توپٹرول کی بنیادی قیمت40روپے فی لیٹر ہے۔ اس سے بھاجپا کے صارفین کْش اقدامات ظاہر ہوتے ہیں۔