سرنکوٹ//ممبراسمبلی سرنکوٹ چوہدری اکرم نے ماہ صیام کے پیش نظر ڈاک بنگلہ میں افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں سب ڈیویژن کے تمام افسران نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر اکرم نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ بجلی کا ایسا دستور بنایاجائے کہ رمضان میں سحری اور افتاری کے وقت کٹوتی نہ ہو۔انہوںنے کہاکہ افسران اپنے سابق شیڈیول کو تبدیل کریں اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ لوگوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔اس موقعہ پر محکمہ پی ایچ ای کے آفیسران نے بتایا کہ رمضان سے پہلے پہلے پانی کے1.50 لاکھ گیلن تقسیم کئے جائیںگے ۔ممبراسمبلی نے بی ایم او سرنکوٹ سے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ ادویات دستیاب رکھی جائیں ۔انہوںنے محکمہ زراعت کوبیج اور کھاد مناسب قیمت پر دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔دریں اثناء انہوںنے کستوربہ گاندھی سکول کی عمارت کا معائنہ کیا اور زیر تعلیم طلباء کیلئے ایک سو بیڈ دینے کا اعلان کیا جس کیلئے رقومات ان کے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے فراہم کی جائیںگی ۔ انہوںنے ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو ہدایت دی کہ چار روز کے اندر اندر انہیں چرالاں والی میں کھیل کود میدان کے متعلق ڈی پی آر تیار کراکے دی جائے تاکہ وہ سی ڈی فنڈ سے کچھ رقم دے کر سٹیڈیم کی تعمیر شروع کرائیں۔انہوںنے کہاکہ کھیل کود کے میدان بہت ضروری ہیں جس سے نوجوان نسل منشیات کے بجائے اپنا وقت کھیل کود میں گزارسکے گی ۔