جموں//سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپارنس فنڈ کی سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں منعقد ہوئی اور سال 2019-20کے لئے قدرتی آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے 29.5کروڑ روپے کی واگذاری کو منظور ی دی۔ خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری ، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری ، فائنانشل کمشنر ریوینو ،کمشنر سیکرٹری ریوینو ، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ / ڈی ایم آر آر اینڈ آر ، کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم ، سی ای او جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی ) و دیگر اعلیٰ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ایس ای سی نے فائنانشل کمشنر ریوینو کے پاس 3کروڑ روپے ، کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنروں کے پاس 2کروڑ روپے ، صوبائی کمشنر لداخ کے پاس 0.5کروڑ روپے اور تمام ڈپٹی کمشنروں کے پاس ایک کروڑ روپے رکھنے کو منظوری دی۔سکولوں میں آفات سماوی سے نمٹنے کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کو فروغ دینے کے لئے چیف سیکرٹری نے محکمہ سکولی تعلیم کو تربیتی پروگراموںکے کیلنڈر کو ترتیب دینے کی ہدایت دی جو این ڈی ایم اے کے رہنما خطوط کے مطابق ہوبلکہ یہ کیلنڈر وزیر اعظم کی طرف سے این ڈی ایم اے کی چھٹی میٹنگ جو نئی دلی میں اکتوبر 2018ءکو منعقد ہوئی تھی کی ہدایات کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ایس ای سی نے سری نگر میونسپل کارپوریشن کے لئے آفاتِ سماوی سے متعلق آلات کی خریداری کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ایس ای سی نے بونیار ،اوڑی تحصیل سے تعلق رکھنے والے اترا کھنڈ میں پسیوں کے شکار کے لوگوں کے لئے 16کروڑ روپے کی واگزاری کے سلسلے میںڈپٹی کمشنر بارہمولہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدامات کو منظوری دی۔چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر 3اور 4 نومبر 2018ءکو بھاری برفباری کے نتیجے میں باغبانی سیکٹر سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے نقد امداد فراہم کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ایس ای سی نے افسروں و متعلقہ ملازمین اور رضاکاروں کے آفات سماوی سے نمٹنے کے سلسلے میںان کی کپسٹی بلڈنگ میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔