عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ شفقت حسین نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ تحصیل سرنکوٹ کے گاؤں مڑھ میں مرحوم طاہر فضل کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کی قبر پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔ایس ایس پی پونچھ نے اہلِ خانہ کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں جموں و کشمیر پولیس پوری طرح متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس محکمہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحوم طاہر فضل کو ایک بہادر اور فرض شناس شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جنہوں نے پیر پنجال خطے میں ایک نازک دور کے دوران دہشت گردی کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا۔ انہوں نے فروری 2003 میں ضلع پولیس پونچھ میں بطور اسپیشل پولیس آفیسر (SPO) شمولیت اختیار کی اور علاقے میں انسدادِ شورش کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔اپریل 2003 میں ہونے والے اہم فوجی آپریشن آپریشن سرپ وناش کے دوران ان کا کردار انتہائی نمایاں رہا۔ یہ آپریشن ہل کاکا کے علاقے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ اس دوران مرحوم کی مقامی معلومات، بہادری اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ قریبی تال میل نے زمینی سطح پر انٹیلی جنس کو مضبوط بنانے اور کارروائیوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔پولیس کے مطابق مرحوم طاہر فضل نے اپنی سروس کے دوران ہمیشہ امن و استحکام کے قیام کے لیے کام کیا اور کمیونٹی ڈیفنس اقدامات میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ ان کی قربانیاں اور خدمات ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔جموں و کشمیر پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم کی خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے، جنہوں نے ملی ٹینسی سے متاثرہ علاقوں میں معمول کی زندگی بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔